اسلام آباد(فرنٹیئر نیوز)اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں 20 دسمبر کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کے انتخابی عمل سے متعلق حکم نامے پر 26 نومبر تک عمل درآمد روک دیا۔ عدالت نے یہ عبوری حکم ایک شہری کی جانب سے دائر درخواست پر جاری کیا۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا معاملہ گزشتہ کئی برسوں سے تاخیر، قانون سازی میں تبدیلیوں، حلقہ بندیوں کے تنازعات اور وفاقی حکومت و الیکشن کمیشن کے درمیان اختلافات کا شکار رہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت میں آخری مرتبہ بلدیاتی انتخابات 2015 میں منعقد ہوئے تھے، جن کے نتیجے میں میئر اور مقامی نمائندوں پر مشتمل بلدیاتی نظام قائم ہوا۔
2015 میں منتخب ہونے والے بلدیاتی اداروں کی مدت 14 فروری 2021 کو ختم ہوئی۔ قانون کے مطابق الیکشن کمیشن کو مدت ختم ہونے کے 120 روز کے اندر نئے انتخابات کرانے تھے، تاہم ایسا نہ ہو سکا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جمعہ کے روز شہری امجد علی کی جانب سے ایڈووکیٹ عادل عزیز قاضی کے توسط سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو معطل کر دیا، عدالت نے کیس کی مزید سماعت کے لیے 26 نومبر کی تاریخ مقرر کر دی۔
درخواست گزار نے بلدیاتی انتخابات کے قانونی جواز اور حلقہ بندیوں کے عمل کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ اسلام آباد لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2026 اپنی مدت پوری ہونے کے بعد غیر مؤثر ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 دوبارہ بحال ہو گیا ہے۔
درخواست گزار کے مطابق الیکشن کمیشن نے 2015 کے بحال ہونے والے قانون کے تحت انتخابات کرانے کے لیے ضروری حلقہ بندیوں کا قانونی عمل مکمل نہیں کیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ اسلام آباد کی 125 یونین کونسلز، ان کے نو نو وارڈز اور میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) کے انتخابی حلقوں کی حد بندی کے حوالے سے کوئی مؤثر اور قانونی فیصلہ موجود نہیں۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سابقہ ترمیم شدہ قانون کے تحت کی گئی حلقہ بندیاں خودبخود بحال ہونے والے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کے لیے قابلِ استعمال نہیں ہو سکتیں بلکہ نئے قانون کے مطابق ازسرنو حلقہ بندیاں اور انتخابی فہرستوں کی تیاری ضروری ہے۔
وکیل نے مؤقف اپنایا کہ حلقہ بندیوں اور انتخابی فہرستوں کا قانونی عمل مکمل کیے بغیر انتخابات کا انعقاد آئین کے آرٹیکل 218(3) کے منافی ہوگا کیونکہ اس آئینی شق کے تحت الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ انتخابات ایمانداری، شفافیت، انصاف اور قانون کے مطابق منعقد کرائے۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 21 اکتوبر کو جاری کردہ حکم نامے اور 20 دسمبر کے بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کو کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت نے اپنے تحریری عبوری حکم میں قرار دیا کہ الیکشن کمیشن آئینی اور قانونی طور پر اس بات کا پابند ہے کہ انتخابات منصفانہ، شفاف اور غیر جانب دارانہ انداز میں منعقد کرائے۔ عدالت نے درخواست پر ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کا حکم نامہ اور انتخابی شیڈول آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو کرانے کا اعلان کرتے ہوئے انتخابی شیڈول جاری کیا تھا۔ شیڈول کے مطابق 30 اکتوبر کو امیدواروں سے کاغذات نامزدگی طلب کرنے کے لیے پبلک نوٹس جاری کیا جانا تھا جبکہ کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک جمع کرائے جانے تھے۔
امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو جاری ہونا تھی جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل 9 سے 13 نومبر تک مکمل کیا جانا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے تعینات ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) اور ریٹرننگ افسران (آر اوز) کو فرسٹ کلاس مجسٹریٹ کے اختیارات بھی تفویض کیے تھے تاکہ انتخابی قوانین کی خلاف ورزیوں اور انتخابی جرائم کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکے۔
یاد رہے کہ 2 ستمبر کو وفاقی کابینہ نے اسلام آباد کے لیے نئے بلدیاتی نظام کی منظوری دی تھی، جس کے تحت وفاقی دارالحکومت کو تین کونسلز میں تقسیم کیا جانا تھا اور ہر کونسل کا اپنا میئر ہونا تھا۔
اسلام آباد میں گزشتہ منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت 2021 میں مکمل ہونے کے بعد سے کوئی منتخب بلدیاتی نظام موجود نہیں، جبکہ مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار ہوتے رہے ہیں۔
20 دسمبر کو ہونے والے مجوزہ انتخابات کو وفاقی دارالحکومت میں پانچ سال سے زائد عرصے بعد بلدیاتی نظام کی بحالی کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا تھا تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے تازہ حکم کے بعد انتخابی عمل ایک بار پھر رک گیا ہے۔
