اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کی کامیابی پاکستان میں معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مثال قائم کرے گی، بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیرک مائننگ کارپوریشن کے چیئرمین جان تھورنٹن کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔
مہمان وفد نے وزیرِاعظم اور حکومت پاکستان کے منرل کانفرنس کے انعقاد کو پاکستان میں معدنی ترقی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔ وفد نے کراچی اور گوادر میں منرل پراسیسنگ کی صنعت کے قیام میں سرمایہ کاری کے لیے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جان تھورنٹن سے ملاقات کے دوران کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور معدنی دولت سے مالا مال ہے اور ان وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر صوبے کی ترقی، عوام کی خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کو معدنی منصوبوں کے ثمرات میں براہِ راست شریک کرنا، مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار اور ہنرمندی کے مواقع پیدا کرنا اور اردگرد کی آبادیوں کی ترقی یقینی بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
