اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز) ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.46 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح 11.21 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی سے متعلق اعدادوشمار جاری کر دیے، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتیں مستحکم رہیں۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 12.06 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، انڈے 5.98 فیصد، آلو 2.42 فیصد، لہسن 1.76 فیصد اور مرغی 1.32 فیصد مہنگی ہوئی۔
اسی طرح آٹے کی قیمت میں 0.94 فیصد جبکہ دال مسور کی قیمت میں 0.64 فیصد اضافہ ہوا۔ایک ہفتے کے دوران پٹرول 7.42 فیصد اور ڈیزل 6.10 فیصد سستا ہوا۔ پیاز کی قیمت میں 1.70 فیصد، کیلے 1.03 فیصد اور چینی کی قیمت میں 0.43 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ دودھ پاؤڈر اور دال مونگ بھی معمولی سستی ہوئیں۔
دوسری جانب سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کے اعدادوشمار کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں سب سے زیادہ 111.35 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ ایک سال کے دوران ٹماٹر 78.94 فیصد، بجلی کے نرخ 52.38 فیصد اور آلو 36.41 فیصد مہنگے ہوئے۔ آٹے کی قیمت میں 36.14 فیصد، ڈیزل 30.77 فیصد اور پٹرول 26.23 فیصد مہنگا ہوا۔
رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر چینی 24.54 فیصد سستی ہوئی جبکہ انڈوں کی قیمت میں 23.29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ تاہم پیاز 19.67 فیصد، مٹن 14.67 فیصد، بیف 11.30 فیصد اور چکن 10.98 فیصد مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے تازہ اعدادوشمار کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں کمی کے باوجود متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ برقرار ہے جبکہ سالانہ بنیادوں پر بعض بنیادی اشیا کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
