نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خوش فہمی ہے کہ لانگ مارچ کر کے بلیک میل کر سکے گی، حکومت کسی صورت ان سے بلیک میل نہیں ہو گی۔
پی ٹی آئی کا لکی مروت سے شروع ہونے والا لانگ مارچ پانچویں روز بھی جاری ہے جو کرک، کوہاٹ، متنیٰ سے ہوتا ہوا آج ضلع خیبر پہنچا۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت لانگ مارچ کرنے والوں کے دباؤ میں آکر کوئی ریلیف نہیں دے گی، تحریک انصاف صوبے کا خیال رکھے اور دہشتگردوں کی حمایت ترک کرے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کالعدم ٹی ٹی پی کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف اعلان جنگ کیا ہوا ہے۔ اور اگر یہ بلیک میل کریں گے تو مستقبل میں بانی کے لیے کوئی ریلیف نظر نہیں آئے گا۔ اور حکومت ان کو دباؤ میں آکر کوئی ریلیف نہیں دے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ان کی روایت بن گئی ہے کہ ہر دو تین ماہ بعد اسلام آباد پر حملہ آور ہوں۔ مجھے کالعدم ٹی ٹی پی کا ان کے سرپرستوں کے خلاف پی ٹی آئی کا ایک بیان دکھا دیں۔انہوں نے کہا کہ کابل کے حکمران ٹی ٹی پی کے سرپرست ہیں اور ان کے خلاف پی ٹی آئی کو کوئی بیان موجود نہیں ہے۔ یہ دہشتگردوں کو فنانس کرتے ہیں اسے بھتہ کہہ لیں یا خوشی کے ساتھ دینا کہہ لیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ دہشتگرد خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں دندناتے پھر رہے ہیں، اور صوبائی حکومت کی ان اضلاع میں رٹ نہیں، کیا موجودہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی وہاں پر موجود نہیں، یہ پاکستان کے خلاف بدیانتی کی حد ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ مذاکرات کی ٹیبل پر بیٹھ کر واپس گھر جائیں اور اپنے صوبے کا خیال رکھیں۔ جبکہ دہشتگردوں کی فنانس بند کر کے ان کی حمایت ترک کریں۔ اور بھول جائیں گے گن پوائنٹ پر یہ اپنے مطالبات ہم سے منوائیں گے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ محمود خان اچکزئی کا نواز شریف کے ساتھ پرانا تعلق ہے۔ اور سیاست اپنی اپنی لیکن تعلق کا احترام ضروری ہے۔ انہوں نے محمود خان اچکزئی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ موجودہ حالات میں کردار ادا کریں۔
