سینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی کی صحافیوں کا کوٹہ 2 فیصد اور ہاؤسنگ کوٹے میں شامل کی سفارش

اسلام آباد(سٹی رپورٹر) صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ کی تجویز پرسینیٹ کی اسٹینڈنگ کمیٹی نے صحافیوں کا کوٹہ 1 فیصد سے 2 فیصد کرنےاوراے پی پی کے ملازمین کو بھی کوٹے میں شامل کرنے کی سفارش کی ہے،صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئےصحافیوں اور میڈیا ورکرز کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواستوں کی صورتحال سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔انہوں نے بتایا کہ موجودہ کوٹہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے درمیان تقسیم کیا گیا ہے اور تقریباً 2 ہزار 200 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جبکہ اس وقت 237 پلاٹس الاٹ کیے جا رہے ہیں۔عبدالرزاق سیال نے کہا کہ کوٹے میں اضافے سے مزید اہل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو رہائشی سہولت فراہم کی جا سکے گی۔انہوں نے مزید بتایا کہ درخواستوں کی جانچ پڑتال اور تصدیق کے لیے وزارت اطلاعات کے تعاون سے ایک طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، جس کے ذریعے اہل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کی درخواستوں کو شفاف اور منظم انداز میں زیر غور لایا جائے گا۔صدر نیشنل پریس کلب نے کمیٹی کو صحافیوں کے زیر التوا معاملات سے بھی آگاہ کیا، جن میں جی-14 کے 37 صحافیوں کا کیس بھی شامل ہے، جو 2004 سے زیر غور ہے۔نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر فرقان راؤ نےاجلاس سے درخواست کی کہ اے پی پی کے ملازمین کو اہلیت کے معیار کے مطابق صحافیوں کے ہاؤسنگ کوٹے میں شامل کیا جائے۔کمیٹی نے اس معاملے کو متعلقہ پالیسی اور طریقہ کار کے تحت غور کے لیے نوٹ کر لیا۔چیئرمین کمیٹی سینیٹر ناصر بٹ نے صحافیوں کو یقین دلایا کہ وہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے 2 فیصد کوٹے کی بحالی کی سفارش آگے بھجوائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اہل افراد کو ہاؤسنگ اسکیموں میں منصفانہ مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں،انہوں نے کہا کہ کمیٹی اہل صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کی حمایت کرے گی۔سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ وزارت طویل عرصے سے زیر التوا ہاؤسنگ مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور قابل اطلاق قوانین و ضوابط کے تحت صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے ہاؤسنگ منصوبوں کی کامیاب تکمیل کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور یقین دلایا کہ صحافیوں کے مسائل کو مناسب اہمیت دی جائے گی۔

Read Previous

سعودی عرب میں پاکستانی فوجی دستوں کی تعیناتی، ڈی جی آئی ایس پی آر نے اہم تفصیلات بتا دیں

Read Next

ایاز صادق ، رانا ثناء اور طارق فضل کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular