افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں پر فضائی حملوں میں دہشتگردوں کے کیمپ تباہ ہو گئے، وزارت اطلاعات

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق پاکستان نے افغان طالبان کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی اور ڈرون حملے کئے جس میں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کے 2 مختلف مقامات پر موجود کیمپ مکمل تباہ ہو گئے۔

وزارت اطلاعات کے مطابق ڈرونز اور طیاروں کی مدد سے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر ذخیرہ کیا گیا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ کر دیا گیا۔وزارت اطلاعات نے کہا کہ کیمپوں اور پناہ گاہوں پر کی گئی ٹارگٹڈ فضائی کارروائی میں دہشتگردوں کا نیٹ ورک تباہ ہو گیا۔دو دن قبل بھی پاکستان نے افغانستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کامیاب فضائی کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

وزارت اطلاعات نے ایکس پر جاری بیان میں کہا تھا کہ افغانستان میں دو مقامات پر فتنۃ الخوارج اور فتنۃ الہندوستان کے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر موجود بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی تباہ ہو گیا۔بیان میں کہا گیا کہ مصدقہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا گیا، کارروائی کے دوران زیادہ سے زیادہ احتیاط برتی گئی، یقینی بنایا گیا کہ شہریوں کو کوئی نقصان نہ پہنچے، پاکستان کے لیے شہریوں کی سلامتی اور تحفظ اولین ترجیح ہے۔

وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان کو افغانستان سے دہشتگردی کا خطرہ لاحق ہے، افغانستان کا دہشتگردی کا مرکز بنے رہنا پاکستان کے لیے باعث تشویش ہے۔وزارت اطلاعات نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کے لیے ہمیشہ کوشاں رہا ہے، عزمِ استحکام کے وژن کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

Read Previous

‏ پختونخوا حکومت نے لانگ مارچ کے ذریعے بدامنی اور تشدد کا خطرناک منصوبہ تیار کر لیا، خواجہ آصف

Read Next

عسکری و سیاسی قیادت نے دھرنے، مارچ اسلام آباد سے دور رکھنے کا فیصلہ کر لیا: راناثناءاللہ

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular