کہاں کہاں بادل برسیں گے ۔۔گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں گی ۔۔؟ محکمہ موسمیات نے خبردار کردیا

اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)محکمہ موسمیات نے آج رات اور کل ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، بالائی پنجاب، خیبرپختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج رات تیز بارش متوقع ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ جڑواں شہروں کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

پنجاب میں راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، منگلا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سیالکوٹ، نارووال، لاہور، قصور، شیخوپورہ اور اوکاڑہ میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کے امکانات ہیں۔

خیبرپختونخوا میں دیر، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، چترال، بٹگرام، بونیر، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، مردان، صوابی، نوشہرہ، پشاور، ہنگو، اورکزئی، کرم، کوہاٹ، کرک، بنوں، ٹانک، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بارش اور گرج چمک کے ساتھ بعض مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر احتیاط کی ہدایت کی ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کے ساتھ بعض مقامات پر شدید بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار 23 اگست کو بھی اسلام آباد، بالائی و وسطی پنجاب، کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ بعض مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔

لاہور، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ سمیت بالائی پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی کل بارش کا امکان ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں شدید بارش کی صورت میں شہری سیلاب کا خطرہ برقرار رہے گا۔

دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے، تاہم بلوچستان کے بعض علاقوں میں شام یا رات کے اوقات میں بارش اور گرج چمک ہوسکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے والے افراد کو موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

Read Previous

تحریک انصاف کی توہین عدالت کی درخواست دائر کرنے کی تیاریاں،ڈیالہ جیل حکام کو خط

Read Next

نئے صوبے بنانے میں عجلت تباہ کن۔۔۔ پہلے کیا کرنا ہوگا ؟ شاہد خاقان نے بتا دیا

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular