نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد (فرنٹیئر نیوز)
پاکستان تحریکِ انصاف سپریم کورٹ کی جانب سے بانی و قائد عمران خان کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرنے اور ان کے مکمل طبی معائنے کے لیے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کے حکم کا خیرمقدم کرتی ہے۔
عمران خان صاحب کی صحت کے حوالے سے تحریکِ انصاف، ان کے اہلِ خانہ اور کروڑوں پاکستانی گزشتہ کئی ہفتوں سے شدید تشویش کا اظہار کر رہے تھے۔ آج عدالتِ عظمیٰ کے حکم سے اس بنیادی مطالبے کو تقویت ملی ہے کہ عمران خان کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات اور ماہر ڈاکٹرز کی نگرانی میں علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔
ہم امید کرتے ہیں کہ عدالتی حکم پر فوری، مکمل اور بلا تاخیر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا اور عمران خان صاحب کو شفاء انٹرنیشنل ہسپتال منتقل کرکے آنکھ، دل اور دیگر متعلقہ امراض کے ماہر ڈاکٹرز پر مشتمل میڈیکل بورڈ ان کا جامع طبی معائنہ کرے گا۔
میڈیکل بورڈ میں عمران خان کے ذاتی معالج ڈاکٹر فیصل سلطان اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کی شمولیت اس امر کو یقینی بنانے میں اہم ہوگی کہ ان کی طبی تاریخ، موجودہ علامات اور علاج کے تمام پہلوؤں کا غیر جانب دارانہ اور مکمل جائزہ لیا جائے۔
مزید برآں، سپریم کورٹ کے حکم کی روشنی میں عمران خان صاحب کی ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات اور ان تک رسائی کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ اس مشکل وقت میں ان کے قانونی و انسانی حقوق کا مکمل پاس رکھا جا سکے۔
پاکستان تحریکِ انصاف اپنے تمام کارکنان، ذمہ داران اور عمران خان کے چاہنے والوں سے خصوصی اپیل کرتی ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کا مکمل احترام کیا جائے اور شفاء انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر کسی قسم کا مجمع، اجتماع یا ہجوم نہ لگایا جائے۔ ہم اپنے کارکنان سے درخواست کرتے ہیں کہ عمران خان صاحب کی صحت اور علاج کے مفاد میں ہسپتال کے باہر پُرامن ماحول برقرار رکھنے میں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور عدالتی احکامات پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے میں تعاون کریں۔
ہم سپریم کورٹ کے اس حکم کو عمران خان صاحب کے بنیادی حقِ صحت اور انسانی وقار کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم سمجھتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام عدالتی احکامات پر من و عن عمل کرتے ہوئے عمران خان صاحب کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
