پی ٹی آئی ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرے تومزید راستے کھل سکتے ہیں، سعد رفیق

اسلام آباد (فرنٹیئرنیوز)لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے پی ٹی آئی کے قائد عمران خان کی الشفا ہسپتال منتقلی اور انکی ہمشیرہ و ڈاکٹر کی ان سے ملاقات کا عدالتی فیصلہ خوش آئند ہے ۔ اس فیصلے سے عدلیہ کا کھویا ھوا وقار بحال ہو گا ، سچ یہ ہے کہ اس فیصلے سے میرے دل کا بوجھ کچھ کم ہوا ہے ۔ برسات کی حبس زدہ رُت میں یہ فیصلہ ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں انہوں نےکہا اس فیصلے پر معزز جج صاحبان مبارکباد کے مستحق ھیں ، اگر اسمیں ریاستی منشا شامل ھے تو اسے بھی سراھا جانا چاہئے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان کی صحت اور زندگی انتہائی اھم ھیں ، اسپر کوئی سمجھوتہ نہیں ھونا چاھئیے ، انکی جماعت اور اھل خانہ کو بھی اس حوالہ سے آئندہ محتاط اور ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا چاھئیے ۔۔ انکا ذمہ دارانہ رویہ اگلے راستے کھُلنے کی صورت متعین کرسکتا ہے۔

ہم پہلے بھی ان صفحات پر عمران خان صاحب کے اہلخانہ کی ملاقاتوں پر پابندی کے خاتمے اور انکی مرضی کے ڈاکٹرز تک انکی رسائی کے حق میں آواز بلند کرتے رہےہیں۔ ہماری اطلاعات کے مطابق حکومت نے انکے علاج کیلئے ماہر ڈاکٹرز مامور کیے رکھے ھیں اور علاج معالجہ میں اپنے تئیں کوئی کمی نہیں کی لیکن جیلیں بھگتنے والے جانتے ہیں کہ کوئی بھی شخص اتنا طویل عرصہ قید تنہائی میں رکھا جائیگا تو اسکی صحت متاثر ھوۓ بغیر نہیں رہ سکتی ۔

جیل اپنے قیدی کو کسی نہ کسی بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ھے ، یہ آپ بیتی بھی اور جگ بیتی بھی ہے، اگر قیدی آپکا سیاسی مخالف ھو تو اسکی حفاظت اور حقوق کی ادائیگی اشد ضروری ھو جاتی ہے۔ بہتر ہوتا کہ حکومت یہ فیصلہ خود کرتی بہر حال دیر آید درست آید کے مصداق اب فریقین ذمہ داری کا مظاھرہ کریں اور عمران خان صاحب کیلئے آسانی کا معاملہ پیدا ھونے دیا جائے ۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا ڈاکٹر یاسمین راشد ، اعجاز چوھدری ، عمر چیمہ ، میاں محمود الرشید سمیت پی ٹی آئی کے باقی اسیران بھی ایسی توجہ کے حقدار ھیں ۔اس موقع پر طعنہ زنی ، گالی گلوچ اور انکے دور ِ اقتدار کی سختیاں یاد کرنے کے یا دھرانے کی قطعاً کوئی ضرورت نہیں ہے۔

Read Previous

عمران خان کی بہن نورین نیازی سے ملاقات کروادی گئی، میڈیا سے گفتگو سے گریز

Read Next

یقین دہانیوں کی خلاف ورزی ہوئی تو ریلیف واپس ہو سکتاہے، سپریم کورٹ کا تحریری فیصلہ جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular