آزاد کشمیر: 23 اسٹیشنز پر پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری، حویلی سے فیصل راٹھور کامیاب قرار

باغ(فرنٹیئرنیوز)آزاد جموں و کشمیر کے ضلع باغ کی دو انتخابی نشستوں LA-15 وسطی باغ اور LA-16 شرقی باغ کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے۔

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔انتخابات کے تسرے مرحلے میں 10 اگست کو باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ ہوئی تھی۔

LA-15 وسطی باغ کے پولنگ نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار ضیاء القمر نے 16 ہزار 637 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے مشتاق احمد منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی کے ریٹائرڈ بریگیڈیئر ڈاکٹر محمد خان 12 ہزار 259 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔

تاہم حلقے کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ نہ ہونے کے باعث الیکشن کمیشن نے نتیجہ روک دیا تھا۔ آج ان پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد حلقے کے حتمی نتیجے کی صورتحال واضح ہونے کی توقع ہے۔دوسری جانب LA-16 وسطی باغ کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ نہ ہونے کے باعث اس حلقے کا نتیجہ بھی روک دیا گیا تھا۔ ان 14 پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 7 ہزار 238 ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔

باقی پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے سردار میر اکبر 19 ہزار 515 ووٹ لے کر اپنے قریبی حریف پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان سے 3 ہزار 225 ووٹ کی برتری حاصل کیے ہوئے ہیں۔دونوں حلقوں میں تمام 5 امیدوار ایک دوسرے پر بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔

دوسری جانب آزاد کشمیر الیکشن کمیشن نے حلقہ LA-17 حویلی سے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔LA-17 حویلی میں 10 اگست کو ہونے والی پولنگ کے بعد مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محسن عزیز نے دھاندلی کے الزامات لگاتے ہوئے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر ریٹائرڈ جسٹس غلام مصطفیٰ مغل نے جمعرات کو فریقین کے دلائل سننے کے بعد درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ تاہم اب کمیشن نے فیصل راٹھور کو کامیاب قرار دے دیا ہے۔کمیشن نے حلقہ ایل اے 14 غربی باغ سے جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے چیئرمین ساجد اقبال عباسی کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا ہے۔ یہ مسلم کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان کا آبائی حلقہ ہے، اور ساجد عباسی نے ان سے 21 ہزار ووٹ کی لیڈ سے سیٹ جیتی ہے۔

آزاد کشمیر کے مرحلہ وار انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اب تک 24 جبکہ پیپلز پارٹی 11 نشستیں جیت چکی ہے جبکہ ضلع پونچھ اور ضلع پلندری میں ووٹنگ ہونا باقی ہے۔ان اضلاع میں کالعدم قرار دی گئی ایکشن کمیٹی کی جانب سے احتجاج جاری ہے، جس سے پیدا ہونے والی امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر الیکشن کمیشن نے انتخابات موخر کر دیے تھے۔

Read Previous

ہزارہ صوبے کے قیام کی حمایت کرتے ہیں، عبدالعلیم خان

Read Next

اسلام آباد ہائیکورٹ کی آئندہ ہفتے کی کاز لسٹ جاری

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Most Popular