نجکاری کے عمل میں صارفین کے مفاد کو ترجیح دی جائے،وزیراعظم کی ہدایت
اسلام آباد(فرنٹیئرنیوز)پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے پوری قوم کو یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں۔14 اگست ہمیں اس عظیم جدوجہد کی یاد دلاتا ہے جس کے نتیجے میں برصغیر کے مسلمانوں نے قائدِاعظم محمد علی جناح کی ولولہ انگیز قیادت میں ایک آزاد وطن حاصل کیا۔ یہ دن ہمیں اپنے بزرگوں کی بے مثال قربانیوں، جدوجہد، اتحاد اور عزم کی یاد دلاتا ہے۔
ہم قائدِاعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، تحریکِ پاکستان کے تمام رہنماؤں، کارکنوں اور ان لاکھوں شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے پاکستان کے حصول کے لیے اپنا سب کچھ قربان کیا۔پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور اس کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
قائد پاکستان تحریکِ انصاف عمران خان کی ناحق اور طویل قید بھی آج کے دن قوم کے لیے ایک اہم تشویش کا باعث ہے۔ عمران خان نے ہمیشہ ایک آزاد، خودمختار، باوقار اور مضبوط پاکستان کے لیے جدوجہد کی ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف مطالبہ کرتی ہے کہ عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کے ساتھ انصاف کیا جائے، ان کے بنیادی اور قانونی حقوق کا احترام یقینی بنایا جائے اور ملک میں ایسا ماحول قائم کیا جائے جہاں سیاسی اختلاف کو جرم نہ سمجھا جائے۔
یومِ آزادی ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ آزادی صرف ایک سرزمین کے حصول کا نام نہیں بلکہ انصاف، مساوات، انسانی وقار اور آزادیِ اظہار کے تحفظ کا بھی نام ہے۔ آج کے دن ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ قائد پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریکِ انصاف ایک ایسے پاکستان کے لیے اپنی آئینی و جمہوری جدوجہد جاری رکھے گی جہاں ہر شہری کو انصاف ملے، عوام کے مینڈیٹ کا احترام ہو اور کسی سیاسی رہنما یا کارکن کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔
پاکستان تحریکِ انصاف سمجھتی ہے کہ ہمارے ملک کی اصل طاقت اس کے عوام، نوجوان، محنت کش، کسان، طلبہ، خواتین، کاروباری طبقہ اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہیں۔ ایک مضبوط پاکستان اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے جب ہر شہری کو آگے بڑھنے کے مساوی مواقع میسر ہوں اور ملک کی صلاحیتوں کو قومی ترقی کے لیے بروئے کار لایا جائے۔
آج کے دن ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو بھی سلام پیش کرتے ہیں جو وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں۔ پاکستان کی سرزمین، آزادی اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی۔
ہمیں اس موقع پر اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے جو اپنے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم ایک مضبوط، خودمختار، خوشحال، پُرامن اور باوقار پاکستان کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، جہاں ہر پاکستانی کو ترقی کے مواقع حاصل ہوں اور ملک کا ہر شہری اپنے وطن پر فخر کر سکے۔
آج ہمیں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک بار پھر یہ عہد کرنا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان، ہماری امید اور ہمارا مستقبل ہے۔ ہم اپنے وطن کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے متحد رہیں گے اور آنے والی نسلوں کو ایک بہتر پاکستان دینے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔
اللہ تعالیٰ ہمارے پیارے وطن پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، اسے امن، استحکام، خوشحالی اور ترقی عطا فرمائے اور ہمیں اپنے وطن کی حقیقی خدمت کرنے کی توفیق دے۔
